جرمنی کو دفاعی ذمہ داری کے ساتھ مکالمے اور شراکت داری کو بھی فروغ دینا ہوگا: کرسٹوف شمڈ

“جرمنی کو اپنی اور یورپی سلامتی کے لیے زیادہ ذمہ داری لینی ہوگی اور قیادت کا کردار ادا کرنا ہوگا”۔ یہ بات جرمن بنڈس ٹیگ کے رکن جناب کرسٹوف شمڈ نے انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) میں خطاب کرتے ہوئے اپنے وزیر دفاع کا حوالہ دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے زور دیا کہ مضبوط دفاعی صلاحیتوں کے ساتھ مکالمے، قابلِ اعتماد شراکت داریوں اور یورپ سے باہر مسلسل مشغولیت کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔
جناب شمڈ نے انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) کے سینٹر فار اسٹریٹیجک پرسپیکٹوز (سی ایس پی) کے زیر اہتمام “تبدیل ہوتی عالمی ترتیب میں دفاع اور سلامتی کی پالیسی: جرمنی اور یورپی یونین کے تناظر” کے عنوان سے ایک لیکچر دیا۔ انہوں نے یوکرین تنازعے کے تناظر میں جرمنی کے بدلتے ہوئے اسٹریٹیجک موقف کا جائزہ پیش کیا اور کہا کہ اس کی وجہ سے جرمنی نے اپنی دفاعی تیاریوں اور بیرونی سلامتی و توانائی کے انتظامات پر انحصار کا ازسرِ نو جائزہ لیا ہے۔ جرمنی کی دفاعی ترجیحات میں بھرتی، انفراسٹرکچر اور زیادہ موثر خریداری کا ذکر کرتے ہوئے جناب شمڈ نے ابھرتے ہوئے خطرات کے خلاف سماجی شعور اور استعداد بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ جرمن اور یورپی نقطہ نظر سے انہوں نے روس کو سب سے بڑا سیکیورٹی چیلنج قرار دیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ فوجی تیاری میں اضافہ سفارتکاری کی قیمت پر نہیں ہونا چاہیے۔ “اختلاف رائے پر متفق ہونا بھی اعتماد سازی کا ایک طریقہ ہے” انہوں نے مشاہدہ کرتے ہوئے مختلف خطوں کے شراکت داروں کے ساتھ مشغولیت کی اہمیت پر زور دیا۔
جناب شمڈ نے امریکہ اور ایران کے درمیان پاکستان کی حالیہ ثالثی کی کوششوں کو سراہا اور اسے ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ مل کر اس کے ثالثی کے کردار سے سیکھنے کے لیے تیار ہے۔
ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی سفیر معین الحق نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں کہا کہ بڑی طاقتوں کی مسابقت، یوکرین تنازعہ، مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام جسے امریکہ-اسرائیل کے ایران پر حملے نے مزید بڑھا دیا ہے، فوجی و تکنیکی تبدیلیاں اور غیر روایتی خطرات مل کر عالمی سیکیورٹی کے ماحول کو ازسرِ نو تشکیل دے رہے ہیں۔
انہوں نے عالمی حکمرانی کے زیادہ نمائندہ اور جواب دہ نظام کا مطالبہ کیا جس میں ترقی پذیر ممالک کے جائز سیکیورٹی خدشات کو مناسب طور پر شامل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے پاس سیکیورٹی مکالمے، تجارت، ٹیکنالوجی، ترقی، موسمیات، توانائی، تعلیم اور علاقائی رابطوں میں تعاون بڑھانے کی وسیع صلاحیت موجود ہے۔
انسٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز (آئی آر ایس) کے صدر سفیر جوہر سلیم نے اپنے اختتامی کلمات میں عصری سیکیورٹی چیلنجز کی باہمی مربوط نوعیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ تنازعات اب دور رس معاشی اور سیکیورٹی نتائج پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے ماورائے اوقیانوس تعاون کے تسلسل اور ایک ابھرتی ہوئی چین کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور دیا۔
اس سے قبل سی ایس پی کی ڈائریکٹر، ڈاکٹر نیلم نگار نے کہا کہ جرمن اور یورپی دفاعی پالیسیوں کی تبدیلیوں کے اثرات یورپ تک محدود نہیں رہیں گے۔ انہوں نے پاکستان کے جرمنی اور یورپی یونین کے ساتھ سیکیورٹی، معیشت، ترقی، موسمیات اور رابطوں کے شعبوں میں مشغولیت کے لیے ان پیش رفتوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
لیکچر کے بعد ایک انٹرایکٹو سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں سفارتی کمیونٹی کے ارکان، سرکاری حکام، ماہرین تعلیم، محققین، طلبہ، میڈیا نمائندوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔








