آئی ایس ایس آئی اور سینٹر فار انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز، آزاد جموں و کشمیر کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط
انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) اور مظفرآباد میں واقع سینٹر فار انٹرنیشنل سٹریٹجک سٹڈیز آزاد جموں و کشمیر نے باہمی مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ یہ اقدام ادارہ جاتی شراکت کو منظم کرنے کے لیے اٹھایا گیا جس کا مقصد مسئلہ کشمیر سے متعلق تحقیق و پالیسی سازی، آگاہی اور وکالت کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی تزویراتی مسائل میں تعاون کو بڑھانا ہے۔ ایم او یو پر ڈائریکٹر جنرل، آئی ایس ایس آئی ایمبسڈر سہیل محمود اور سینٹر فار انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عاصمہ شاکر خواجہ نے دستخط کیے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایمبسڈر سہیل محمود نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ادارہ جاتی شراکت قومی اہمیت کے مسائل کو اجاگر کرنے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل پر قومی بیانیے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے تحقیقی کام میں سینٹر فار انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز، آزاد جموں و کشمیر کی شاندار کارکردگی کی تعریف کی اور قومی سلامتی کے اہم موضوعات پر ادارے کی فعالیت کا اعتراف کیا۔ “یہ ایم او یو ہمارے تعاون میں ایک نئے باب کی نشاندہی کرتا ہے،” ایمبسڈر سہیل محمود نے کہا۔ انہوں نے ہندوستان کے طرز عمل پر تحقیقی اور علمی کام کی اہمیت پر بھی زور دیا، موضوع کے اندرونی و بیرونی محرکات، عوامی شعور اور بیداری کے ساتھ ساتھ باخبر پالیسی سازی کے لیے دونوں تھنک ٹینکس کے درمیان شراکت پاکستان کی پالیسیوں اور اقدامات کو علاقائی اور بین الاقوامی سامعین کے سامنے صحیح تناظر میں پیش کرنے کے لیے صلاحیت و وسائل میں اضافے کا ذریعہ ہے۔
ڈاکٹر عاصمہ شاکر خواجہ نے مفاہمت نامے کے فریم ورک کے اندر آئی ایس ایس آئی کے ساتھ بہتر تعاون کے امکانات کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ انہوں نے سینٹر فار انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز، آزاد جموں و کشمیر کی کئی کتابوں کو متعارف کروایا اور دونوں اداروں کے درمیان باہمی تحقیقی دلچسپی کے شعبوں پر زور دیا، بشمول ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور جموں و کشمیر کا تنازع۔ انہوں نے قومی سلامتی کو متاثر کرنے والے مسائل پر مشترکہ علمی تحقیق کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کشمیریوں بالخصوص کشمیری نوجوانوں کی مقامی آوازوں کو شامل کرنا مناسب ہوگا۔ اس سلسلے میں، انہوں نے رائے دی کہ آئی ایس ایس آئی اور ینٹر فار انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز، آزاد جموں و کشمیر کے درمیان تعاون فیصلہ سازوں تک پہنچنے میں مؤثر ثابت ہو سکتا ہے اور اہم چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے متحد کوششوں ک
ی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نتیجہ اخذ کیا۔
قبل ازیں، ڈائریکٹر انڈیا اسٹڈی سینٹر آئی ایس ایس آئی ڈاکٹر خرم عباس نے شرکاء کو آئی ایس ایس آئی اور اس کے پانچ مراکز کے بارے میں آگاہ کیا۔ محترمہ طیبہ خورشید، ریسرچ آفیسر، نے سینٹر فار انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز، آزاد جموں و کشمیر کے مشن، آؤٹ ریچ، پبلیکیشنز، اور صلاحیت بڑھانے کی کوششوں کا خاکہ پیش کیا۔
ایونٹ کا اختتام دونوں ٹیموں کی طرف سے سفارشات کے ایک سلسلے اور عزم کے ساتھ ہوا۔